پٹنہ،13اگست؍ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بہار کی ملازمتوں میں یہاں کے امیدواروں کے لئے زیادہ نشستیں ریزرو کئے جانے کے ریاست کی سیاسی جماعتوں کے مطالبات کے درمیان ریاستی حکومت نے بہار پبلک سروس کمیشن(بی پی ایس سی)سے اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر بھرتی کرنے پر روک لگانے کوکہا ہے۔وزیر تعلیم اشوک کمار چودھری نے آج بتایا کہ ریاستی حکومت نے بی پی ایس سی کو ریاست کی یونیورسٹیوں میں مختلف موضوعات کے واسطے اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر بھرتی کے لئے جاری انٹرویو پر روک لگانے کو کہا ہے۔اس سلسلے میں بی پی ایس سی کے سیکریٹری پربھات کمار سنہا سے رابطہ کئے جانے پر انہوں نے کہا کہ کمیشن ریاستی حکومت کی ہدایات کا احترام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انہیں ابھی تک خط موصول نہیں ہوا ہے لیکن جو حکومت کی ہدایت ہوگی اس کا عمل کیا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے ریاست کی سرکاری ملازمتوں اور ریاست کے ماتحت تعلیمی اداروں میں مقامی لوگوں کو 80فیصد ریزرویشن دئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ بات اٹھائی تھی کہ انگریزی موضوع کے اسسٹنٹ پروفیسر کی بحالی میں زیادہ تر بیرونی امیداوار منتخب ہوئے ہیں۔
بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے لالو کے مطالبہ کی وکالت کرتے ہوئے نتیش حکومت سے اسسٹنٹ پروفیسر کی جاری بھرتی پر فوری طور روک لگانے اور یو جی سی کے 2009کی ہدایات کو لاگو کرنے کی مانگ کی تھی تاکہ اس وقت تک پی ایچ ڈی کر چکے ریاست کے 35000امیدواروں کواس انٹرویو میں شامل ہونے کا موقع مل سکے۔گذشتہ تین اگست کو بہار قانون ساز کونسل میں وزیر تعلیم نے اعلان کیا تھا کہ اسسٹنٹ پروفیسر کی جاری بھرتی پر روک لگانے کے لئے حکومت قانونی مشورہ لے کر فیصلہ لے گی۔
بہار کے وزیر تعلیم اشوک چودھری نے اگرچہ یہ واضح کیا کہ اسسٹنٹ پروفیسر کے مختلف عہدوں کے لئے جو انٹرویو ہو چکے ہیں وہ انٹرویو کو روکے جانے کے اس فیصلے سے متاثر نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کمیشن سے جن موضوعات میں انٹرویو پورے ہو گئے ہیں ان کے بارے میں معلومات مانگی ہے۔بی پی ایس سی کی طرف سے ریاست کی یونیورسٹیوں میں مختلف موضوعات کے 3345عہدوں کے لئے انٹرویو لئے جا رہے ہیں۔بی پی ایس سی نے میتھلی اور انگریزی موضوعات کے نتائج جاری کر دئے ہیں۔میتھلی موضوع میں منتخب امیدواروں نے انہیں مختص کئے گئے کالجوں میں اپنا اہم کردار ادا بھی کیا ہے۔جن دیگر موضوعات کے انٹرویو ختم ہو گئے ہیں ان میں طبعیات، معاشیات، فلسفہ، نفسیات اور کیمسٹری شامل ہیں۔گذشتہ جولائی کے مہینے میں جاری یو جی سی کی رہنما ہدایات کے مطابق سال 2009تک پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر لینے والے امیدوار انٹرویو دینے کے اہل ہو سکتے ہیں۔وزیر نے کہا کہ نئے سرے سے بھرتی کا عمل یو جی سی 2009ایکٹ میں کی گئی ترمیم کی بنیاد پر شروع کیا جائے گا۔یہ پوچھے جانے پر کہ یہ بھرتی کی عمل کب تک مکمل کر لیا جائے گا؟انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ پروفیسر کی خالی عہدے 7000سے 9000ہوسکتے ہین اور یونیورسٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے یہاں خالی جگہوں کے بارے میں معلومات دستیاب کرا دیں۔